ابو نہیں کر سکے تو آپ کیسے کریں گے: فواد چوہدری

oo

پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کے وفاقی حکومت گرانے سے متعلق بیان کے جواب میں کہا ہے کہ اگر ابو نہیں گرا سکے تو آپ کیا گرائیں گے!
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی ٹی آئی سندھ میں حکومت گرانے کے لیے کوشاں ہیں۔
’ایک تاثر پیدا کیا جا رہا تھا کہ ہم گویا سندھ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی وفاقی وزیر نے نہیں کہا کہ گورنر راج لگ رہا ہے۔۔۔ ہاں میڈیا میں قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں اور میڈیا میں ایسا ہوتا ہے، میڈیا کا اپنا کردار ہے اور وہ تجزیے کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پیر کے روز کہا تھا کہ اگر ’صدر زرداری اجازت دیں تو دس دن میں (وفاقی) حکومت گرا سکتے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے بتایا کہ ان کا آج کے روز سندھ جانے کا منصوبہ تھا اور ملاقاتیں بھی تھیں، مگر ’سپریم کورٹ کی آج کی کارروائی سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ ہم کسی تبدیلی کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔ اور وزیراعظم صاحب کا کہنا تھا کہ ایسا تاثر نہیں جانا چاہیے‘، اسی لیے وہ سندھ نہیں گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم کہہ رہے ہیں کہ مراد علی شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے اور پیپلز پارٹی کا نیا وزیراعلیٰ آنا چاہیے۔ گورنر راج کا تو جواز نہیں مگر اس بات کا بھی کوئی جواز نہیں کہ وہ وزیراعلیٰ اپنی حکومت ایک نجی گروپ کے پیسے بنانے کے لیے استعمال کر رہا تھا وہ (عہدے پر) برقرار رہے۔