جہاز نے ہنگامی لینڈنگ کے دوران اسکولوں پر تیل گرادیا، طلبہ متاثر

0115202017

لاس اینجلس: امریکی مسافر طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران کئی اسکولوں پر تیل گرادیا جس سے طلبہ سمیت 60 افراد متاثر ہوئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی مسافر طیارے نے لاس اینجلس انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اور اس دوران طیارے نے تیل خارج کیا جو کئی اسکولوں پر جاگرا۔طیارے سے تیل خارج ہونے کے باعث کم از کم 60 افراد متاثر ہوئے جن میں زیادہ تعداد اسکول کے بچوں کی ہے جب کہ تیل گرنے سے ان کی جِلد پر خارش پھیل گئی اور سانس لینے میں شدید دشواری بھی پیش آئی۔

امریکی ائیرلائن پرواز بھرنے کے بعد انجن میں پیدا ہونے والے نقص کے باعث واپس ائیرپورٹ کی جانب مڑی اور ہنگامی لینڈنگ کی جب کہ طیارے سے خارج ہونے والا تیل تقریباً 6 مقامی اسکولوں پر گرا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے اور ان کے زخموں کی نوعیت معمولی بتائی جارہی ہے۔لاس اینجلس ائیرپورٹ سے 16 میل کے فاصلے پر قائم پارک ایلمنٹری اسکول پر جب تیل گرا تو دو کلاسیں اسکول کے بیرونی احاطے میں موجود تھیں۔امریکی ائیرلائن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کے وقت جہاز کا وزن کم کرنے کے لیے تیل خارج کیا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس کے اسباب کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی لینڈنگ کے وقت جہاز کے تیل کے اخراج کے لیے خصوصی طریقہ کار موجود ہے جنہیں امریکا کے بڑے ائیرپورٹ کے اندر اور باہر سے آپریٹ کیا جارہا ہے، اس طریقہ کار کے تحت تیل کا اخراج طے شدہ غیر آبادی والے علاقوں پر کیا جاتا ہے جب کہ ہنگامی حالت میں تیل کا اخراج جہاز کے زمین پر پہچنے سے پہلے کیا جاتا ہے۔