ہواوے ایک بار پھرہلچل مچانے کو تیار، نئے فون کی تصاویر لیک
بیجنگ: چینی موبائل کمپنی ہواوے کے نئے آنے والے متوقع اسمارٹ فون پی 40 کی تصاویر قبل از وقت سامنے آگئیں۔ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ہواوے کے نئے اسمارٹ فون میں مجموعی طور پر 7 کیمرے ہوں گے جن میں سے پانچ پشت پر اور دو فرنٹ پر ہیں۔
سامنے آنے والی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پشت پر لگائے جانے والے کیمرے اب تک کے سب سے جاندار کیمرے ہیں جبکہ سیلفی کیمرے بھی پہلے سے بہتر پیش کیے جائیں گے۔ کمپنی کی جانب سے پی 40 متعارف کرانے کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
موبائل کمپنیوں اور نئے آنے والے اسمارٹ فونز پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ ہواوے کا نیا فون سام سنگ اور آئی فون کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ان میں پانچ آپٹیکل سینسر کی سہولت سے لیس کیمرے لگائے گئے ہیں۔دی ورج کی رپورٹ کے مطابق ہواوے کے کیمرے کا زوم آپشن اور کیمرہ رزلٹ بھی پہلے سے بہت زیادہ اچھا ہوگا کیونکہ اس میں 13x آپٹیکل زوم شامل کیا گیا ہے جبکہ سلفی کیمرے موبائل کے اوپر وسط میں بنائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہواوے کی جانب سے جاندار کیمروں والے فون متعارف کرائے جاچکے ہیں۔لیک ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ والیم اور پاور بٹن بھی سائیڈ پر دیے گئے ہیں جبکہ اس فون میں یو ایس بی سی چارجنگ کی سہولت بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے متوقع فون کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی اس کی قیمت یا متعارف کرانے کی تاریخ کا کوئی حتمی اعلان کیا گیا۔