وزیر اعظم عمران خان ڈیووس سے وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان ڈیووس سے وطن واپس پہنچ گئے، وہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کے مرکز بنے رہے، ان کے ساتھ کئی ممالک کے رہنماؤں، کاروباری افراد اور کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقاتیں کیں۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ دورہ نہایت کام یاب رہا، انھوں نے دنیا کی بڑی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا، اور دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ملک ہے۔عمران خان کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی ملاقات کی، گزشتہ روز جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے بھی غیر رسمی ملاقات ہوئی ، جس میں اینگلا مرکل نے وزیر اعظم کو دورہ جرمنی کی دعوت دی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 21 جنوری کو ڈیووس پہنچے تھے، آج صبح وہ واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں، اس دوران فورم کی سائیڈ لائن پر ان سے متعدد اہم شخصیات نے ملاقاتیں کیں، گزشتہ روز کوکا کولا کمپنی کے سی ای او جیمز کوئین سے ان کی اہم ملاقات ہوئی۔
عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ کی صاحب زادی اور مشیر ایوانکا سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تعلیمی پروگرام پر گفتگو ہوئی، فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر، یوٹیوب کی سی ای او، سیمنز کمپنی کے سی ای او سمیت دیگرعالمی رہنماوں، کاروباری شخصیات سمیت سرمایہ کاروں نے بھی ملاقاتیں کیں۔