انوکھی شادی، دلہن نے حق مہر میں 100 کتابیں مانگ لیں

0125202017

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں دلہن نے دلہا سے حق مہر میں 100 کتابیں مانگ لیں۔شادی کے موقع پر دلہن کے گھر والوں کی جانب سے حق مہر کے لیے بھاری رقم، زیورات اور جائیداد رکھنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے

لیکن بھارتی ریاست کیرالہ میں دلہن نے اپنے شوہر سے حق مہر میں کتابیں مانگ کر نئی مثال قائم کردی۔دلہا نے دلہن کا حق مہر فوری ادا کیا اور اسے 100 کتابیں لاکر دے دیں، کتابوں کے ساتھ دلہن کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دلہن کی جانب سے مانگی جانے والی کتابوں میں قرآن پاک، بائبل، گیتا کے علاوہ متعدد ناولز شامل ہیں۔خاتون کی جانب سے اس منفرد حق مہر مانگے جانے پر سوشل میڈیا پر مختلف رائے دی جارہی ہیں۔سوشل میڈیا صارف آریا نے لکھا کہ ’آپ کیرالہ کے شہریوں پر بھروسہ کرسکتے ہیں، وہ منفرد ہیں اور تعلیم سے رغبت کرتے ہیں۔

سامعیا لطیف کا کہنا تھا کہ ’بہت سے لوگ مجھ سے اکثر حق مہر اور اس کی اہمیت کے بارے میں پوچھتے ہیں، اسلام میں اور اس میں کیا شامل ہوسکتا ہے، یہ یہاں ان لوگوں کے لیے ایک عمدہ مثال ہے۔‘نوبیاہتا جوڑے نے ایک ساتھ پہلا سفر کوجیکوڈ میں واقع کیرالہ ادب فیسٹیول میں کیا، یہ جوڑا رواناننت پورم میں رہائش پذیر ہے۔