پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

0126202010

لاہور : پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 137 رنز کا ہدف کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔دونوں بلے بازوں نے 131 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، محمد حفیظ نے 67 اور بابر اعظم نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اوپنر احسان علی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن فتح حاصل کر لی ہے، نمبر ون ٹیم نے ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کی ہے۔

قبل ازیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جارہی ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ کا آغاز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے اوپنر تمیم اقبال کی65 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت6 وکٹوں کے نقصان پر136 رنز اسکور کیے۔محمود اللہ 12رنز بنا کرحارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان ٹیم کی بولنگ شانداررہی، محمد حسنین نے دو، شاہین آفریدی ،شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےچار اوورز میں 20 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلے بولنگ کرنے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، آج کی وکٹ مختلف لگ رہی ہے ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بنگلادیش کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں، پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے کہا کہ ہمارے لیے یہ میچ بہت اہم ہے، آج کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، میچ میں محمد متھن کی جگہ مہدی حسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔