امریکی باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

012720203

امریکی میڈیا کے مطابق باسکٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی کوبی برائنٹ کیلی فورنیا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ کوبی برائنٹ کی عمر 41 برس تھی میڈیا رپورٹس کے مطابق برائنٹ پرائیویٹ ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے۔ جس میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب وہ کلاباسس شہر کے اوپر سے گزر رہا تھا۔لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہونے والے حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام نو افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

ہلاک ہونے والوں میں کوبی کی تیرہ سالہ بیٹی گیانا بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زمین پر موجود آبادی میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ملی۔واقعے کے عینی شاہدین نے یوز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کو بتایا کہ انھوں نے ہیلی کاپٹر کے نیچے گرنے سے پہلے انجن کی زوردار آواز سنی۔کریش کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔کوبی اور ان کی اہلیہ ونیسہ کی تین بیٹیاں ہیں۔سنہ 2003 میں ایک خاتون نے ان پر ریپ کا الزام لگایا لیکن انھوں نے عدالت سے باہر ان سے سمجھوتہ کر لیا۔ اس کے علاوہ ان کا کھیل غیر مستحکم رہا۔

پانچ بار نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیمپئین رہنے والے 41 سالہ برائنٹ نے اپنے پورے 20 سالہ کرئیر کے دوران لاس انینجلس لیکرز کی جانب سے ہی کھیلا اور وہ اپریل 2016 میں ریٹائر ہوئے۔برائنٹ 17 سال کی عمر میں ہائی سکول سے براہ راست این بی اے میں داخل ہوئے.برائنٹ سنہ 2008 میں این بی اے کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔انھوں نے دو بار این بی اے میں بہترین سکورنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور دو مرتبہ اولمپک چیمئین بنے۔این بی اے میں وہ سب سے کم عمر کے کھلاڑی بھی بنے۔

انھوں نے پانچ منٹ کے دورانیے پر مشتمل بہترین شارٹ اینیمیٹڈ فلم پر آسکر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ فلم کا نام تھا ڈیئر باسکٹ بال جو ان کی جانب سے سنہ 2015 میں کھیل کے لیے لکھے گئے ایک خط پر مبنی تھی۔ان کی موت کی اطلاع پر مختلف طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔یہ اطلاع سننے کے بعد امریکہ بھر میں باسکٹ بال کے مقابلوں کے درمیان چند لمحوں کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔

لاس اینجلس کے لینکر سٹیڈیم میں گریمی ایوارڈ کی تقریب کے دوران انھیں یاد کیا گیا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں کوبی نے اپنا پورا کریئر گزارا ہے۔باسکٹ بال کے سابقہ کھلاڑی ٹونی پارکر نے اسے دل توڑ دینے والی اطلاع کہا ہے۔صدر ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسے ’بری خبر‘ قرار دیا۔آٹھ مرتبہ اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی یوسین بولٹ کہتے ہیں کہ ان کے لیے یہ ناقابل یقین خبر ہے۔ .