پاکستان نےچین کیلئےفضائی آپریشن بحال کردیا

020320205

پاکستان کی جانب سے چین کیلئے فضائی پابندی آج سے ہٹا دی گئی، جس کے بعد پہلی فلائٹ صبح 9 بجے پاکستان پہنچ گئی۔پاکستان نے چين کیلئے 3 فروری پیر سے پروازيں بحال کرنے کا فيصلہ کيا تھا، جس کے بعد آج سے پاکستان میں فضائی آپريشن شروع ہو رہا ہے۔

چین سے ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007 صبح 9 بجے ارمچی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔اس سے قبل پاکستان سے چین کیلئے فضائی آپریشن معطلی کا نوٹی فکیشن 2 فروری تک کے لیے جاری کیا گیا تھا۔ چین کے ساتھ فضائی رابطے منقطع کرنے والا پاکستان پہلا ملک نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 29 جنوری کو فضائی آپریشن عارضی طور بند کیا گيا تھا۔ فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کرونا کے وائرس سے بچنے کیلئے کیا گیا تھا۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا جمعرات کو اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان نے چین سے اپنے شہریوں کو نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر ہم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے چین سے لوگوں کو نکالنا شروع کیا تو یہ وبا جنگل کی آگ کی طرح پھیل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی صحت کے لیے چین نے جو پالیسیاں اپنائی ہوئی ہیں، اس کا احترام کریں اور اس بیماری کے پھیلاؤ کا سبب نہ بن جائیں۔