ملکہ برطانیہ کو مکان بنانے والے ٹھیکیدار کی تلاش، تنخواہ 76 لاکھ روپے ہوگی

020520204

لندن: ملکہ برطانیہ نے گھر کی مکمل مرمت کرنے والے شخص کو ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔اگر آپ فن تعمیر (آرکیٹیکچر) سے محبت رکھتے اور گھر کے اندر دیدہ زیب نقش و نگار بنانے کے ماہر ہیں تو یہ ملازمت آپ کو بھی مل سکتی ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ نے محل کی مرمت اور تعمیر کے لیے ایک ایسے شخص کی تلاش شروع کردی جس کے پاس ٹھیکیداری کا دس سالہ تجربہ ہو۔

شاہی محل نے ملازمت کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ ان پر کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو ایسے شخص کی ضرورت ہے جو مکانات کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے تجربہ رکھتا ہو۔شاہی خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خواہش مند شخص کے پاس صلاحیت ہو کہ وہ بکنگھم پیلس کے لیے آئندہ آئندہ پچاس سال تک کاپلان بنا کر دے۔امیدوار الیکٹرک وائرنگ اور پلبرنگ سمیت دیگر کاموں میں مہارت رکھتا ہو کیونکہ محل کے 1950 میں تیار ہونے والے حصوں کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا۔

ملازمت حاصل کرنے والے خوش نصیب کو شاہی محل کی پروگرام میجیمنٹ ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔اعلامیے کے مطابق امیدوار کو سینئر پوزیشن پر رکھا جائے گا جسے ہفتے میں (پیر تا جمعہ) پانچ روز مجموعی طور پر ساڑھے سینتیس 37 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ملازمت حاصل کرنے والے خوش قسمت شخص کو 38 ہزار پاؤنڈ (76 لاکھ 47 ہزار روپے) ماہانہ تنخواہ جبکہ اُسے دیگر مراعات جیسے پینشن، میڈیکل وغیرہ کی سہولیات بھی دی جائیں گی۔

کامیاب امیدوار کا نام (انٹرویو اور دیگر مراحل) کے بعد بکنگھم پیلس کے باہر نوٹس بورڈ پر آویزاں کیا جائے گا۔