پیراشوٹ نہ کھلا، اسکائی ڈائیور ہزاروں فٹ بلندی سے زمین پر آگرا

وہاں موجود بہت سے لوگوں نے یہ حادثہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، اُن لوگوں کا کہنا تھا کہ اسٹیفن کا پیرا شوٹ کھلا تھا مگر وہ پوری طرح کھلنے میں ناکام رہا تھا— فوٹو: وائرل پریس تھائی لینڈ میں اسکائی ڈائیور پیراشوٹ نہ کھلنے کی وجہ سے ہزاروں فٹ بلندی سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

اسٹیفن ایریکسن کی عمر 30 سال تھی اور وہ ڈنمارک کا رہائشی تھا جس نے چونبوری کے ضلع سری رچا میں اسکائی ڈائیونگ کیلئے جہاز سے چھلانگ ماری لیکن اُس کا پیراشوٹ نہ کھل سکا اور وہ ہزاروں فٹ کی بلندی سے زمین پر آگرا۔وہاں موجود بہت سے لوگوں نے یہ حادثہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، اُن لوگوں کا کہنا تھا کہ اسٹیفن کا پیرا شوٹ کھلا تھا مگر وہ پوری طرح کھلنے میں ناکام رہا تھا۔

مقامی نیوز کے مطابق اسٹیفن کے نیچے گرنے سے پہلے ہی اُس کے دوست وغیرہ وہاں پر امداد کے لیے پہنچ گئے تھے تاہم وہ اسے بچا نہیں سکے۔جب اسٹیفن زمین پر گرا تو اُس کا منہ خون میں اٹا ہوا تھا اور اُس کی ناک سے بھی خون نکل رہا تھا۔

اسٹیفن کو فوری طبی امداد دی گئی اور اُسے مقامی اسپتال لے جایا گیا مگر اسٹیفن زخموں کی تاب نہ لا کر کچھ ہی دیر میں چل بسا۔