بلوچستان، ژوب کا مندر 70 سال بعد ہندوؤں کے حوالے

بلوچستان کے ضلع ژوب میں 200 سالہ قدیم مندر کو 70 سال بعد ہندو برادری کے حوالے کردیا گیا۔ قیام پاکستان کے بعد ہندو برادری کی نقل مکانی کرنے کی وجہ سے اس مندر کی عمارت میں سرکاری سکول قائم تھا۔جمعرات کو مندر کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنرژوب طحہٰ سلیم اورژوب کی مرکزی جامع مسجد کے خطیب اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا اللہ داد کاکڑ نے ہندو برادری کے رہنماوں کو مندر کی چابیاں حوالے کیں۔

ڈپٹی کمشنرژوب طحہٰ سلیم کے مطابق آج بلوچستان اور ژوب کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کی یہ ایک اچھی مثال ہے کہ جامع مسجد ژوب کے خطیب مولانا اللہ داد نے نہ صرف اس فیصلے کی حمایت کی بلکہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پوری دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ ہمارے علماءکرام نے کتنی فراخ دلی کے ساتھ اقلیتی برادری کو گلے سے لگایا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تاریخی مندر میں تیس سال قبل سرکاری پرائمری سکول قائم کیا گیا تھا۔ مندر کی حوالگی سے قبل اسکول کو دوسری عمارت میں منتقل کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کو ان کی عبادت گاہ ستر سال بعد واپس ملی ہے اتنی تاخیر ہونے پر ہم اقلیتی برادری سے معذرت بھی چاہتے ہیں۔ اقلیتی برادری بچوں کی تعلیم کی وجہ سے قربانی دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی عمارت کو دوبارہ بحال کیا جائےگا۔ بحالی کے بعد اس مندر میں نہ صرف ہندو برادری اپنی رسوم ادا کرسکے گی بلکہ دور دراز سے زائرین بھی آسکیں گے۔

ژوب کی ہندو برادری نے 70 سال بعد مندر ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ژوب میں اقلیتی برادری کی کمیٹی کے چیئرمین سلیم جان نے کہا کہ آج انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہمیں ستر سال بعدپھر اس مندر میں رسوم ادا کرنے کا موقع مل گیا۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال مندوخل نے اس مندر کا دورہ کیا تھا تو ہم نے ان سے مطالبہ کیا کہ مندر کی عمارت ہندو برادری کے حوالے کی جائے جس پر انہوں نے ہمیں یقین دلایا۔ہم چیف جسٹس اورضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں انہوں نے ہمارا مطالبہ پورا کیا۔سلیم جان کے مطابق آج جو مندر ہمارے حوالے ہوا اس کی عمارت میں30 سال قبل سرکاری پرائمری سکول قائم کیا گیا تھا اور اس میں پانچ سو سے چھ سو بچے پڑھ رہے تھے۔مندر میں صرف چار کمرے تھے اتنے زیادہ بچوں کیلئے یہ جگہ بہت تنگ تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ بچوں کو پڑھنے کیلئے اب بہتر جگہ مل گئی ہے۔اقلیتی رہنماءنے بتایا کہ ہندو برادری کے پاس شمشان گھاٹ کی بھی جگہ نہیں۔شمشان گھاٹ پر ہائی سکول بنا ہوا ہے۔ ہم نے چیف جسٹس سے درخواست کی ہے کہ سکول کو یہیں رہنے دیا جائے ، ہمیں شمشان گھاٹ کیلئے علیحدہ جگہ دی جائے۔

جے یو آئی کے رہنماءجامع مسجد ژوب کے خطیب مولانا اللہ داد کاکڑ اور تقریب میں شریک اے این پی، پشتونخوامیپ ، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے مندر کو ہندو برادری کو حوالے کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں اقلیتوں کے بڑے حقوق ہیں، ان کی جان و مال کی حفاظت اور مذہبی آزادی کے احترام کا درس دیا گیا ہے۔

ژوب قبائلی علاقہ ہے اور یہاں قبائلی روایات کے مطابق ہمیشہ اقلیتی برادری کی عزت ، جان و مال کا خیال رکھا گیا ہے، ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے غم و خوشی میں شریک رہے ہیں۔