نسیم شاہ : ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹرک کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین باؤلر، بنگلہ دیش کو اننگز شکست کا سامنا

راولپنڈی: نسیم شاہ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پاکستان کی پہلے ٹیسٹ میں پوزیشن انتہائی مضبوط ہوگئی ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کو اننگز شکست کا سامنا ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دن کا آغاز گرین شرٹس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز سے کیا تھا تاہم آخری سات بلے باز ایک آسان بولنگ لائن اپ کے سامنے اسکور میں محض 103 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔قومی ٹیم کا دن کے آغاز بابر اعظم کی وکٹ کے ساتھ ہوا جو پہلی ہی گیند پر ابو جائید کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 143 رنز اسکور کیے جن میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔

اسد شفیق بھی گزشتہ روز کے اپنے اسکور میں کچھ ہی رنز کا اضافہ کرسکے اور 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں گزشتہ روز کے دونوں جمے ہوئے بلے باز ابتدائی چند اوورز میں بھی بنگلہ دیشی گیند بازوں کا شکار بنے۔اسی طرح وکٹ کیپر محمد رضوان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر حارث سہیل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ اپنی 75 رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے سات چوکے اور دو چھکے لگائے تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں زیادہ مدد نہ مل سکی۔یاسر شاہ پانچ، شاہین آفریدی تین، نسیم شاہ دو جبکہ محمد عباس ایک ہی رن بناسکے۔یوں پاکستان کی پوری ٹیم 445 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم اس نے 212 رنز کی بڑی سبقت حاصل کرلی۔

بنگلہ دیشی کے ٹاپ آرڈر نے دوسری اننگز میں پاکستانی گیند بازوں کو جم کر مقابلہ کیا اور ایک موقع پر 124 رنز پر اس کی صرف دو وکٹیں گری تھیں۔تاہم اس موقع پر 16 سالہ گیند باز نسیم شاہ نے تین بنگلہ دیشی بلے بازوں کو تین گیندوں پر چلتا کیا اور ٹیسٹ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر بن گئے۔دن کے اختتام تک بنگلہ دیش کی چھ وکٹیں گرچکی تھیں جبکہ اس نے 126 رنز بنالیے تھے تاہم ابھی بھی اسے 86 رنز خسارے کا سامنا ہے۔