برطانیہ میں طوفان، درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک
برطانيہ کو صدی کے سب سے خطرناک طوفان کا سامنا ہے، ملک بھر میں ’’کيارا‘‘ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے، کئی علاقوں ميں آندھی سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص ہلاک ہوگیا، تيز بارش سے سيکڑوں پروازوں اور ٹرينوں کا شيڈول متاثر ہوا۔برطانیہ ميں صدی کے سب سے خطرناک طوفان کيارا نے تباہی مچادی، 150
کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے ولی ہوا نے درجنوں درخت اکھاڑ دیئے، درخت کے نیچے دب کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ساحلی علاقوں کے قریب رہنے والے مکین اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے، ہزاروں افراد نے رات بغیر لائٹ کے گزاری۔طوفان نے رہائشی علاقوں ميں قائم مکانوں اور ہوٹلوں کو بھی نقصان پہنچايا، کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے سڑکيں تالاب کا منظر پيش کرنے لگيں، 170 سے زائد مقامات پر سیلاب الرٹ جاری کردیا گیا۔
خراب موسم کے باعث شمالی انگلینڈ میں 100 سے زائد ٹرینوں جبکہ 200 پروازوں کو منسوخ کرديا گيا، جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مسافر ریلوے اسٹیشنوں اور ایئرپورٹس پر پھنس گئے، مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے باعث موٹر ویز بھی بند ہیں۔دوسری طرف جرمنی ميں طوفان سيبائن سے تباہی کے خدشے کے باعث الرٹ جاری کرديا گيا، تيز ہواؤں کی وجہ سے جرمنی اور فرانس میں پروازوں کا شيڈول بھی متاثر ہے۔