نظام آف حیدرآباد کے35 ملین پاؤنڈ میں سے ورثا اور انڈیا کو حصہ مل گیا
نظام شاہی ریاست حیدرآباد کے ساتویں حکمراں میر عثمان علی خان صدیقی نے 1911 سے 1948 تک حکومت کی لندن کی رائل کورٹ آف جسٹس کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے بعد نظام آف حیدرآباد اور انڈیا کے درمیان 35 ملین پاؤنڈ کی رقم تقسیم کر دی گئی ہے۔بی بی سی کی نامہ نگار گگن سبروال کے مطابق نظام آف حیدرآباد کے ورثا کے وکلا اور لندن میں انڈین سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں پاکستان کی جانب سے کیس پر لگنے والی قانونی فیس کا پینسٹھ پینسٹھ فیصد بھی ادا کیا گیا ہے جس کی مد میں ہائی کمیشن کے مطابق انھیں ’پاکستان نے 2.8 ملین پاؤنڈ ادا کیے ہیں‘۔تاہم انڈین سفارتی ذرائع نے 35 ملین پاونڈز میں سے ملنے والی رقم کو ضیغہ راز قرار دیتے ہوئے رقم بتانے سے انکار کیا ہے۔
انڈین سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کے تمام فریقین نے عدالتی فیصلے کو تسلیم کیا ہے اور آخر کار اس طویل قانونی جنگ کا خاتمہ ہوا ہے اور اب لوگ آگے بڑھ سکیں گے۔آٹھویں نظام کے ورثا کے وکلا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں رقم میں سے اپنا حصہ اور 65 فیصد قانونی اخراجات عدالت کے ذریعے مل گئے ہیں اور وہ بہت خوش ہیں کہ اب یہ معاملہ اختتام کو پہنچا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس رقم کی انڈیا کے ساتھ تقسیم پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے کیونکہ یہ خفیہ معاملہ ہے۔
اکتوبر 2019 کے فیصلے میں کیاکہا گیا تھالندن میں رائل کورٹ آف جسٹس نے متحدہ ہندوستان کی ریاست حیدرآباد دکن کے ساتویں نظام میر عثمان علی خان صدیقی کے وزیرِ خزانہ کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی رقم پر پاکستان کا دعویٰ رد کر دیا تھا۔عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ 71 برس قبل جو رقم جمع کروائی گئی تھی اس پر نظام کے ورثا مکرم جاہ، مفرخ جاہ اور انڈیا کا حق ہے۔10 لاکھ پاؤنڈ کی یہ رقم ریاست کے وزیر خزانہ نواب معین نواز جنگ نے سنہ 1948 میں جمع کروائی تھی اور اس میں آج 35 گنا اضافہ ہو چکا ہے۔اس وقت برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر حبیب ابراہیم رحمت اللہ کے لندن بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردہ 10 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 89 کروڑ روپے) اب ساڑھے تین کروڑ پاؤنڈ (تقریبا 1۔3 ارب روپے) ہو چکے ہیں اور انھی کے نام پر ان کے نیٹ ویسٹ بینک اکاؤنٹ میں جمع تھے۔
ان پیسوں کے لیے نظام اور پاکستانی ہائی کمشنر کے جانشینوں کے مابین کشیدگی رہی ہے اور یہ کیس لندن میں زیر سماعت تھا۔اس کیس کی سماعت کرنے والے جسٹس مارکس سمتھ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ پاؤنڈ کی اس رقم پر پاکستان کا حق نہیں ہے۔فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ساتویں نظام آف دکن اس رقم کے اصل مالک تھے اور شہزادے اور انڈیا جو کہ نظام کے نام پر اس حق کا دعویٰ کر رہے ہیں اس رقم کی وصولی کے حقدار ہیں۔نظام آف حیدرآباد کے ورثا کی جانب سے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انھیں ایک عرصے سے اس فیصلے کا انتظار تھا اور وہ اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اس فیصلے کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ فیصلے میں رقم کی منتقلی کے تاریخی پس منظر کو مدِنظر نہیں رکھا گیا۔بیان کے مطابق انڈیا نے حیدرآباد کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ساتھ شامل کیا تھا اور اسی وجہ سے نظام آف حیدرآباد کو اپنی ریاست اور عوام کو انڈین دراندازی سے تحفظ دینے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے تھے۔
پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد قانونی مشوروں کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔