کبڈی ورلڈکپ:فائنل آج پاکستان-بھارت کے درمیان ہوگا

021620204

عالمی مقابلہ کبڈی کے فائنل کا مقابلہ اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔روایتی حریف 5ویں بارفائنل میں آمنےسامنے ہونگے
کبڈی ورلڈ کپ 2020 پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد کیا گیا ہے، جو 9 فروری سے 16 فروری تک جاری رہا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے 10 ٹیموں نے شرکت کی۔ میچز لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں کھیلے گئے۔

فائنل اور سیمی فائنل سمیت 14 میچز پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں منعقد کیے گئے۔ 8 میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد، جب کہ ظہور الہیٰ اسٹیڈیم گجرات میں 2 میچ کھیلے گئے۔

پہلے سيمی فائنل ميں بھارت نے آسٹريليا کو اور دوسرے سيمی فائنل ميں پاکستان نے ايران کو ہرايا، جس کے بعد تیسری پوزیشن کیلئے ایران اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درميان ميچ ہوگا۔ اس سے قبل بھارت نے آسٹریلیا کو32 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے شکست دی۔ میچ کے دوران بھارتی کپتان نمی سنگھ زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا پلڑا شروع سے ہی بھاري رہا تھا، جس میں پاکستان نے ایران کو با آسانی 30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس کے واضح فرق سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کے لئے کوالیفائی کيا۔ ميچ کے دوران شائقين کا جوش و جذبہ عروج پر تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں 5ویں مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

کبڈی ورلڈ کپ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ایمیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) کے مطابق کسی ٹیم کو پاکستان میں میچ کھیلنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ بھارت کی جانب سے پاکستان آنے والی بھارتی ٹیم بغیر اجازت لاہور آنے کے بعد تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔