نائیجیریا نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کر لیا 

022120201

لاہور: نائیجیریا رواں سال کے آخر تک پاکستانی طیاروں کی پہلی کھیپ حاصل کر لے گا، 61 ملین ڈالرز کی رقم مختص کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق افریقی اسلامی ملک نائیجیریا نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔نائیجیرین فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری مرحلہ وار کی جائے گی۔ پاکستان جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ رواں سال کے آخر تک نائیجیریا کو فراہم کر دے گا۔ اس مقصد کیلئے نائیجیریا نے 61 ملین ڈالر کی رقم بھی مختص کر دی ہے۔ جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے چین کے اشتراک سے اپنی دفاعی صنعت کو مزید فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

پاکستان نے چین کے اشتراک سے تیار کیے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کے 4 خریدار تلاش کر لیے ہیں۔ بھارت کا دوست اور پڑوسی ملک میانمار بھی پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے خریدنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ جبکہ آذربائیجان اور ملائیشیا بھی پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے خریدیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ نائیجیریا اور میانمار پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کا معاہدہ کر چکے ہیں۔جبکہ ملائیشیا، آذربائیجان، مصر اور دیگر کچھ ممالک بھی جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری کیلئے جلد معاہدہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ جبکہ پاکستان بھی مزید کئی ممالک کو جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری کیلئے راضی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی مانگ میں اس وقت سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جب پاکستان نے بھارت کے جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی فروخت سے پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ جبکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ بھی ملے گا۔