سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلئے شاندار سہولت کا آغاز کر دیا
ریاض : اب سعودی عرب جائیں بنا ویزے کے، سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلئے سب سے شاندار سہولت کا آغاز کر دیا، پاکستانیوں کو سعودی عرب میں ویزہ آن آرائیول کی سہولت فراہم کی جائے گی، ایک سال کے عرصے کے ویزٹ ویزے پر متعدد مرتبہ آمد کی اجازت ہوگی، جبکہ اسی ویزے پر عمرہ ادائیگی کی بھی اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ پاکستانیوں کیلئے ویزہ آن آرائیول کی سہولت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس سروس کا باقاعدہ آغاز گزشتہ ماہ سے کیا جا چکا ہے۔ کوئی بھی پاکستان اب بنا ویزے کے سعودی عرب جا سکتا ہے اور ائیرپورٹ پہنچنے پر اسے ویزہ فراہم کر دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ آن آرائیول ویزٹ ویزہ کی فیس 18 ہزار روپے ہے، تاہم یہاں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ فیس کی ادائیگی صرف کریڈٹ کارڈ سے ممکن ہوگی۔
سعودی عرب کے ویزٹ ویزہ کی معیاد ایک سال ہوگی اور اس ویزے پر متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کیا جا سکے گا۔تاہم اس ویزے کے حامل افراد مملکت میں 90 روز سے زیادہ قیام نہیں کر سکتے۔ جبکہ اسی ویزے پر سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کی بھی اجازت ہوگی، لیکن حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ پہلی مرتبہ سعودی عرب کا سفر کرنے والوں پر لازم ہوگا کہ وہ کسی سعودی ائیرلائن کے ذریعے ہی سفر کریں، تاہم پہلے سے سعودی عرب کا سفر کرنے والوں پر یہ شرط عائد نہیں ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں کے پاس امریکا، برطانیہ اور شیننگن کا ویزہ ہے، وہ بھی آن آرائیول ویزہ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ یہ واضح رہے کہ آن آرائیول ویزہ حاصل کرنے کے باوجود کسی بھی غیر مسلم کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔