ہل پارک کی زمین پرتعمیر 4غیرقانونی بنگلوں کا انہدام ملتوی
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ہل پارک پر غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے 4 بنگلوں کو گرانے کا آپریشن ملتوی کردیا۔کے ایم سی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے جمعرات کو سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ہل پارک کی زمین پر تعمیر 4 غیر قانونی بنگلوں کو گرانے کیلئے ہمارا ہوم ورک مکمل ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پھر اس کام میں دیر کیوں ہورہی ہے؟، تو ان کا کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابھی ان عمارتوں کا انہدام نہ کیا جائے کیوں کہ اس حوالے سے ابھی ’’مزید کام کرنے کی ضرورت‘‘ ہے۔
کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہل پارک کے آس پاس تعمیر ہونے والے دیگر بنگلوں کی قانونی حیثیت پر بھی کام کریں۔ سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی کا مزید کہنا ہے کہ وہ (کمشنر) سمجھتے ہیں کہ ہل پارک کے اطراف تعمیر غیر قانونی بنگلوں کی تعداد 4 سے زیادہ ہوسکتی ہے۔بشیر صدیقی نے بتایا کہ ہل پارک کے اطراف مختلف کیٹیگریز کے 150 بنگلے موجود ہیں۔
کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے 4 غیر قانونی بنگلوں کے مکینوں کو 27 فروری تک جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں، شہر میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں کیا جارہا ہے۔جن بنگلوں کو گرانے کے نوٹس جاری کئے گئے وہ ہل پارک کی چڑھائی پر واقع ہیں۔
اس معاملے پر بات کرنے کیلئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے رابطے کی کئی بار کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔