ایران میں محصور مزید 700 افراد کو واپسی کی اجازت

030120204

ایران سے پاکستانی زائرین کی آمد کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ہفتے کو مزید 709 افراد تفتان سرحد سے پاکستان میں داخل ہوگئے۔تفتان میں امیگریشن حکام کے مطابق ایران سے آج آنے والے افراد کی اسکریننگ اور امیگریشن مکمل کرلی گئی ہے۔ سات سو نو افراد میں پانچ سو دس زائرین جبکہ ایک سو نناوے تاجر اور دوسرے لوگ شامل ہیں۔

حکام کے مطابق پی ڈی ایم اے نے تمام زائرین کو خیمے، کمبل، ماسکس اور خوراک فراہم کردی جبکہ پاکستان ہاؤس میں مزید خیمے لگا دیے گئے ہیں۔ تمام زائرین کی ہر 48 گھنٹے کے بعد اسکرینگ ہوگی۔گزشتہ روز تین سو سے زائد افراد تفتان سرحد سے پاکستان میں داخل ہوئے جن میں زائرین بھی شامل تھے۔بلوچستان حکومت کے مطابق ایران میں 5 ہزار سے زائد پاکستانی محصور ہیں۔ جن کو مرحلہ وار پاکستان آنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ ان کی اسکریننگ کا عمل اچھے انداز میں سرانجام دیا جا سکے۔

ایران سے واپس آنے والے افراد کی بارڈر پر اسکریننگ ہوتی ہے اور اس کے بعد انہیں پاکستان ہاؤس منتقل کیا جاتا ہے جہاں وقفے وقفے سے ان کی مسلسل اسکریننگ ہوتی ہے۔