ایران میں کورونا وائرس روکنے کیلیے 54 ہزار قیدی رہا

0304202016

تہران: ایران نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے 54 ہزار قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کردیا۔ایران نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کچھ مزید اقدامات کیے ہیں جن کے تحت گنجائش سے زائد قیدیوں سے بھری جیلوں سے ایسے 54 ہزار قیدیوں کو ضمانت پر عارضی رہائی دی گئی ہے جن کے ٹیسٹ میں وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔

ایرانی حکومت کی پالیسی کے مطابق 5 سال سے زائد سزا پانے والے قیدیوں کو رہائی نہیں دی جائے گی۔منگل کے روز ایرانی وزارت صحت نے ملک میں وائرس کے کیسز میں 50 فیصد تک اضافے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ایران میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2336 بتائی گئی تھی جب کہ ایران میں وائرس سے اب تک 77 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے 290 ممبران میں سے 23 مممبران کے وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 3 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

چین میں وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جہاں تعداد تقریباً 3 ہزار ہے جب کہ چین کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ 79 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔