عالمی بینک نے کورونا سے نمٹنے کے لیے 12 ارب امریکی ڈالر کے پیکیج کا اعلان کردیا۔

0304202013

عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو 12 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔برطانوی نشریاتی ادار ے بی بی سی کے مطابق عالمی بینک کے سربراہ ڈیوڈمیلپاس کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی پیکیج میں کم شرح سود کا قرض، امداد اور تکنیکی معاونت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم کے دوران انتہائی غریب ترین اور انتہائی خطرے سے دوچار ممالک کو ترجیح دی جائے گی تاکہ وائرس کے اثرات سے نمٹا جاسکے۔عالمی بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ 12 ارب ڈالر صحت سے متعلق آلات کی خریداری اور دیگر اقدامات کے لیے ہوں گے۔اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر حفاظتی آلات کی قلت سے خبردار کیا ہے

ڈبلیو ایچ او نے کمپنیوں اور حکومتوں سے وائرس کی جانچ کرنے والے آلات میں 40 فیصد تک اضافے کی اپیل کی ہے۔خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین سمیت دیگر ممالک میں 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 90 ہزار سے زائد اس وائرس میں مبتلا ہیں تاہم 50 ہزار سے زائد متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔