اسلام آباد: پاکستانی فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ

031120201

اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔یہ حادثہ آج بدھ کی صبح شکر پڑیاں کے مقام پر وہاں پیش آیا جہاں یومِ پاکستان کی سالانہ پریڈ کی تیاریاں جاری تھیں۔پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیارہ بھی 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کا حصہ تھا۔

ترجمان کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوئری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔فضائیہ کے ترجمان نے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا پائلٹ اس سے نکلنے میں کامیاب ہو سکا یا نہیں۔ حادثے کے بعد جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد فوج کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں تک عام آدمی کی رسائی بند کر دی گئی ہے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق فوجی حکام کی جانب سے انھیں کہا گیا ہے کہ اگر ان کی ضرورت پڑی تو انھیں مطلع کر دیا جائے گا۔سوشل میڈیا پر اس وقت حادثے کی کئی ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے پہلے ایک دم فضا میں بلند ہوتا ہے اور پھر نیچی آتے ہوئے زمین کے انتہائی قریب آ کر درختوں کی جھنڈ میں غائب ہو جاتا ہے اس کے بعد اس مقام سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

گذشتہ ماہ 12 فروری کو پاک فضائیہ کا طیارہ مردان کے علاقے تخت بھائی کے قریب گرکرتباہ ہوا تھا، تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ جہاز محفوظ رہا تھا۔

یاد رہے 7 فروری کو پاک فضائیہ کا طیارہ شورکوٹ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا تھا ، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہا تھا تاہم زمین پرجانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔اس سے قبل 7 جنوری کو پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا اور حادثے کے نتیجے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، جن کے نام اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان تھے۔