جنوبی کوریا کورونا سے مقابلے میں اٹلی سے مختلف کیوں؟
اٹلی اور جنوبی کوریا ان 4 مملک میں شامل ہیں جہاں کورونا وائرس نے دیگر ممالک کی نسبت اپنے پنجے زیادہ شدت سے گاڑے ہوئے ہیں لیکن وہ کیا وجہ ہے کہ جنوبی کوریا میں وائرس سے اموات کی تعداد اٹلی کے مقاملے میں 10 فیصد بھی نہیں۔الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں ہی ممالک میں اس وباء کا شکار پہلا کیس جنوری کے آخر میں سامنے آیا، اٹلی میں اس وائرس کے پھیلنے سے مرنے والوں کی تعداد 1200 سے بھی زائد ہے جبکہ جنوبی کوریا میں یہ تعداد صرف 71 ہے۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اٹلی نے ابتداء میں تو اس وباء کی تشخیص کا آغاز بڑے پیمانے پر کیا لیکن پھر جلد ہی اس نے وہ دائرہ محدود کردیا، کیوں کہ اسے شاید یہ اندازہ ہی نہ ہوسکا کہ ان کا واسطہ کس خطرناک وباء سے پڑا ہے
اٹلی جس کا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں اموات کے لحاظ سے دوسرا نمبر ہے، نے اب تک صرف 73 ہزار افراد کا ٹیسٹ کیا ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا نے اب تک 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تلاش کی ہے اور وہاں ممکنہ مریضوں کو جاسوسوں کی طرح ڈھونڈا جارہا ہے جس کیلئے موبائل فونز اور سیٹلائٹ تک کی مدد لی جارہی ہے۔
متعدی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک جارحانہ اور متواتر تشخیصی عمل یا ٹیسٹنگ اس وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک مؤثر ہتھیار ہے۔دنیا بھر میں اب تک انتہائی خطرناک قرار دیئے جانے والے مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 5374 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد ایک لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کرچکے ہیں، یہ مرض اب تک 135 ملکوں تک پہنچ چکا ہے۔