حکومت پنجاب کی چار دیواری کے اندر شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت

031620204

لاہور: حکومت پنجاب نے چار دیواری کے اندر شای بیاہ کی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دیدی ہے۔تفصیل کے مطابق وزیر صحت اور چیف سیکرٹری پنجاب کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چار دیواری کے اندر شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت دے دی گئی۔

اس کے علاوہ ہینڈ سینی ٹائزرکی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ سٹاف کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ پنجاب پولیس کے لئے کالا شاہ کاکو کے قریب فوری کورنٹین سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر یاسیمن راشد کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ لیبز کو کورونا ٹیسٹ کے لئے سرکاری کٹس فراہم کی جائیں گی۔ کٹس فراہم کرنے کامقصد کورونا ٹیسٹ کی سستی سہولت فراہم کرنا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد ایمرجنسی کا مقابلہ کرنے میں کردار ادا کریں۔ تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ تمام پارکس، چڑیا گھر اور دیگر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایران اور دیگر ممالک سے زائرین کو لانے والی بسوں کو ڈس انفیکٹڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

زائرین کے لواحقین کو ویڈیوز کے ذریعے آگاہ کرنے اور علما کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بڑے شہروں کے بعد 6 ڈویژنز میں کورونا کے لئے ایک، ایک ہسپتال مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے شرکت کی۔