کرونا کے سندھ میں 181 مریض، کنٹرول کیلئے 3 ارب کا فنڈ قائم کر دیا: مرتضیٰ وہاب

0318202054

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 181 مریض ہیں، 2 صحت یاب ہوئے ہیں، 9 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، کرونا سے نمٹنے کیلئے 3 ارب کا فنڈ قائم کر رہے ہیں۔

مرتضی وہاب کا پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ کرونا کیلئے قائم کیا گیا 3 ارب کا فنڈ کل سے قابل عمل ہو گا، عملدرآمد کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی سربراہی چیف سیکرٹری سندھ کریں گے۔ ابھی تک صوبے میں844 ٹیسٹ کئے گئے جو 3 ہسپتالوں میں کیے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 10 ہزار ٹیسٹ کٹس کو درآمد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر کے 290 زائرین کے ٹیسٹ کا رزلٹ آ چکا ہے، 147 کا ٹیسٹ منفی، 143 کا مثبت آیا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو تفتان بارڈر سے سکھر منتقل کئے گئے تھے، 9مزید زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد تاثرین کی مجموعی تعداد 181 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہریسٹورنٹس، دکانوں کی بندش کےحوالے سے مشکل فیصلہ کیا، میڈیکل، روزمرہ اشیا والی دکانوں پر اطلاق نہیں ہوگا، احکامات پر 100 فیصد عملدرآمد نہیں ہوا۔ آج بھی کچھ دکانیں، ریسٹورنٹس دیکھے جو خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پولیس کو کہا ہے سخت اقدامات اٹھانے پڑے تو اٹھائیں۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سمجھایا اقدامات سب کی بھلائی کیلئے ہیں، بہت سے لوگوں نے مدد کیلئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا، کرونا کا علاج دنیا میں نہیں، احتیاط کی جا سکتی ہے، فیصلہ کر لیں 14 روز کیلئے خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرونا کے معاملے پر سہارا بننے کے بجائے سیاست شروع کر دی گئی، پی ٹی آئی کے دوستوں نے کہا سندھ کو بڑی تعداد میں کٹس دی گئیں، دکھائے گئے کاغذ پر کوئی دستخط ہے نہ کوئی اسٹیمپ ہے۔