کروناوائرس،اڈیالہ سے1362 قیدیوں کی رہائی کاامکان
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظراسلام آباد ہائی کورٹ نےاہم فیصلہ کیا ہے۔ ہائیکورٹ نے 10 سال سے کم سزا کےانڈر ٹرائل قیدیوں کی ضمانت پر رہائی پر غور شروع کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 1362 قیدیوں کی ضمانت پر رہائی کیلئے اسلام آباد انتظامیہ اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ 1362 قیدیوں کی ضمانت پر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کل بروز جمعہ کو ہوگی۔
سماعت کے موقع پرڈی سی،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری ہیلتھ،ڈی جی ہیلتھ ذاتی حیثیت میں طلب کئے گئے ہیں۔ عدالت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کیوں نہ انڈر ٹرائل قیدیوں کو رہا کر دیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل میں 2174 قیدیوں کی گنجائش موجود ہے تاہم اس وقت 5001 قیدی جیل میں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ 1362 قیدیوں کےاسلام آباد کی ویسٹ اور ایسٹ عدالتوں میں ٹرائل زیر التوا ہیں۔ایسے قیدی جو سزا کے بغیر جیل میں قید ہیں انہیں ضمانت پر کیوں نہ رہا کردیا جائے۔