کرونا سے اٹلی میں 475، دنیا بھر میں مزید 918 ہلاکتیں
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی، اٹلی میں ایک ہی دن میں مزید 475 اور فرانس میں 89 افراد ہلاک ہوگئے، دنیا بھر میں مرنیوالوں کی تعداد 8 ہزار 885 سے زائد ہوگئی۔ آج (بدھ کو) مرنیوالوں کی تعداد 918 ہوگئی، پاکستان میں پہلی 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوگئیں، ايران ميں 1135، اسپين ميں 623، امريکا ميں 117 افراد ہلاک ہوچکے ہيں۔
بین الاقوامی ویب سائٹ ورلڈ میٹرز ڈاٹ انفو پوری دنيا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے، 169 ممالک اس کی زد ميں آچکے ہيں، ایک دن میں مزید 918 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنیوالوں کی تعداد 8 ہزار 885 سے بڑھ گئی، بدھ کو ايران ميں مزيد 147 افراد ہلاک ہوگئے جہاں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 1135 ہوگئی، 1182 افراد وائرس کی لپيٹ ميں آگئے۔
اٹلی میں ایک ہی دن میں اب تک کی سب سے زیادہ 475 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جہاں اب تک مرنیوالوں کی تعداد 2978 تک پہنچ گئی، جو دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، 4207 نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 ہزار 257 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانیہ میں بھی کرونا وائرس کے 33 مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتیں 104 ہوگئیں، 676 نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 626 ہوگئی۔
فرانس میں ایک ہی دن میں 89 ہلاکتوں کے بعد مرنیوالوں کی تعداد 264 تک پہنچ گئی، ایک ہزار 404 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 9 ہزار 134 ہوگئی ہے۔
اسپين ميں مزید 90 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، وہاں ہلاکتوں کی تعداد 623 ہوگئی، بدھ کو 2 ہزار سے زائد نئے مریض بھی رپورٹ ہوئے ہیں، نیدر لینڈز میں 15 نئی ہلاکتوں کے بعد تعداد 58 ہوگئی، 345 افراد کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں، چين ميں 11 افراد ہلاک ہوئے، وہاں تعداد 3237 تک پہنچ گئی۔
امریکا میں مزید 1157 افراد مرض کی لپيٹ ميں آچکے ہيں، 8 ہلاکتوں کے بعد تعداد 117 ہوگئی۔ جنوبی کوریا میں بھی 3 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 84 اور 93 نئے مریضوں کے بعد تعداد 8413 تک پہنچ گئی۔
دنيا بھر ميں مجموعی طور پر 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں، ہلاکتیں 8 ہزار 791 ہوگئیں، 84 ہزار 314 مریض صحتیاب اور ایک لاکھ 20 ہزار 500 سے زائد زیر علاج ہیں، 6 ہزار 600 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
انڈونیشیا میں آج 12، جرمنی 2، سوئٹزر لینڈ 6، ناروے3، سویڈن2، فلپائن 3، بیلجیئم 4، عراق، الجیریا، البانیا، مالدووا، برکینا فاسو، بنگلہ دیش، پرتگال، آسٹریلیا، لکسمبرگ 1، 1 شخص ہلاک ہوا۔