کرونا وائرس کے خطرات، بلاول بھٹو کی وفاقی حکومت کو ساتھ چلنے کی پیشکش 

032020201

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کو سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوائنٹ سکورننگ کی ضرورت نہیں، وزیراعظم پر تنقید کا نہیں بلکہ انہیں قائل کرنے کا وقت ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سنجیدہ اور عالمی مسئلہ ہے۔ اب تک اس موذی مرض میں مبتلا دو پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس زیادہ تر بزرگوں کو متاثر کرتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ افراتفری پھیلانے سے اجتناب کیا جائے۔ سندھ میں کرونا وائرس سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ چین میں وائرس پھیلا تو سندھ حکومت نے اسی وقت ہی تیاریاں شروع کر دی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ایران سے آنے والوں کی فہرست مانگی۔ تفتان سے آنے والوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتوں کی بھی انسداد کرونا پر پوری توجہ ہونی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے موجودہ صورتحال کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ وفاقی حکومت کٹس کیلئےصوبوں کی مدد کرے۔ سندھ حکومت کی جانب سے دباؤ کم کرنے کے لیے بڑا فیلڈ ہسپتال بنایا جائے گا۔ کرونا سے متاثرہ افراد کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ہے۔ ہم متاثرین کے گھروں تک کھانا پہنچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ بھی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کا بھی خیال رکھیں گے۔ موجودہ حالات میں مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کی تقریر میں ضروری اقدامات کا تذکرہ نہیں تھا۔ تاہم یہ وقت ان پر تنقید کرنے کا نہیں بلکہ انھیں قائل کرنے کا ہے۔ ہمیں اس وقت اپنے شہریوں کا سوچنا، وفاقی حکومت اور وزیراعظم کیساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ عمران خان ہی ہمیں لیڈ کریں گے۔ وفاقی حکومت قیادت دکھائے اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلے۔