صدر ٹرمپ کا جی 7 ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن: صدر ٹرمپ کیمپ ڈیوڈ میں جی سیون ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس منعقد کریں گے۔وائٹ ہاؤس نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر جون میں کیمپ ڈیوڈ میں جی 7 رہنماؤں کے ساتھ ذاتی حیثیت سے اجلاس کے بجائے ویڈیو کانفرنس کریں گے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب پوری دنیا کی قومیں اپنی سرحدوں کو بند کر رہی ہیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سفر پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔وائٹ ہائوس کے ترجمان جیوڈ ڈیرے کے مطابق ٹرمپ نے رواں ہفتے کے اوائل میں دنیا کے بڑے صنعتی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی تھی اور شیڈول کے تحت اپریل ، مئی اور آخر میں جون میں جی سیون کا سربراہ اجلاس منعقد ہونا ہے
صدر ٹرمپ نے فیصلہ کیا ہے کہ سربراہ اجلاس سمیت تمام دوسرے اجلاس وڈیو کانفرسنگ کے ذریعے منعقد کیئے جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مشیر برائے معاشیات لیری کڈلو نے اپنے غیر ملکی ہم منصبوں کو اس اقدام کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جی سیون سربراہ وڈیو کانفرسنگ اجلاس کے ایجنڈے میں اس بار عالمی معاشی صورتحال سرفہرست ہو سکتی ہے۔جی سیون تنظیم کے رکن ممالک میں امریکہ،جاپان،کینیڈا، اٹلی ،فرانس،جرمنی،یورپی یونین اور برطانیہ شامل ہیں۔