ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کرونا کے خلاف جلد از جلد کامیاب ہو، چینی وزارت خارجہ

0323202023

لیجیان ژاؤ نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کرونا کے خلاف جلد از جلد کامیاب ہو۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کرونا وائرس کیخلاف چین کے کردار کو سراہنے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے شکر گزار ہیں۔

اپنے پیغام میں ترجمان لیجیان ژاؤ نے مزید کہا کہ عمران خان اور آرمی چیف نے کرونا وائرس کے خلاف چین کے کردار کو ذمہ دارانہ اور پرعزم قوم کے طور پر سراہا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستانیوں سے کہا کہ چین کے تجربات کی پیروی کریں۔

یاد رہے اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے شہر ووہان دورہ کیا اور اپنے اس دورے میں متعدی بیماریوں کے انسداد کے ایک مرکز کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پرچینی صدر دوران طبی عملے، فوجی افسران اور اہلکاروں، سماجی کارکنوں، پولیس افسران اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ تمام صورت حال کے دوران تعاون کرنے پر مریضوں اور شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیکل سٹاف اور وائرس سے متاثرہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وائرس سب سے پہلے ووہان شہر میں سامنے آیا تھا اور سب سے زیادہ افراد بھی اسی شہر میں اس وائرس کا شکار بنے ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے مزید کہا تھا کہ ووہان شہر سمیت پورا ہوبے صوبہ جنوری سے مکمل طور پر لاک ڈاون ہے جبکہ سخت اقدامات کی وجہ سے اس وائرس کے پھیلاوکے خلاف چین کو خاصی کامیابی ملی ہے۔