دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ 

032420205

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا سے جنگ بندی کی اپیل کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا میں بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کی جائے۔

انتونیو گوتریس نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں جہاں کہیں جنگیں ہو رہی ہیں ان کو ختم کیا جائے، یہی وہ چیز ہے جس کی انسانیت کو پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، دنیا کو مشترکہ دشمن کرونا وائرس کا سامنا ہے، جو بے رحمی سے سب پر حملہ آور ہے۔

خیال رہے کہ نئے اور مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں اموات 16558 ہو گئی ہیں، جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 653 ہو گئی۔ فلو سے مشابہ نئے کرونا وائرس نے دنیا کے 195 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اموات کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار بھی بڑھ گئیں، جب کہ متاثرین کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں، دوسری طرف 102,429 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی، جب کہ 63927 افراد متاثر ہوئے، ان میں صرف ساڑھے سات ہزار مریض صحت یاب ہوئے۔ چین میں اموات 3,277 تک پہنچ گئیں، امریکا میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 582 ہو گئی جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 46145 تک پہنچ گئی۔