پاکستان میں کوروناوائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 900 ہوگئی

032420203

پاکستان میں کوروناوائرس کے مزید 104 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں کوروناوائرس کے آج 104 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں سندھ سے 61 ، اسلام آباد میں 4، پنجاب میں 21 ، بلوچستان میں 2 ، گلگت بلتستان میں 9 اور خیبرپختونخوا میں 7 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 394 ، بلوچستان میں 110 ، خیبرپختونخوا میں 38 ،اسلام آباد میں 15 ، گلگت بلتستان میں 80 ، پنجاب میں 246 اور آزاد کشمیر میں 1 مریض موجود ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ترجمان محکمہ صحت سندھ سے جاری کردہ بیان کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 61 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 394 تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ آج کراچی میں کورونا وائرس کےمزید 10 مریض سامنےآ گئے جبکہ تفتان سے آنے والے زائرین کے لیے سکھر میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کے مزید 50 کیسز آئے اور 1 کیس دادو میں رپورٹ ہوا ، متاثرہ شخص گزشتہ ہفتے ایران سے دادو آیا تھا ۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ نے یہ بھی کہا کہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 134 ہو گئی ہے جبکہ سکھر میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 260 تک جاپہنچی ہے۔پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 780ہو گئی

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے مزید 21 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں کوروناوائرس سے متاثرہ افرادکی تعداد 246 تک پہنچ گئی جن میں سے 177 زائرین ، 52 لاہور، 2 ملتان، 3 راولپنڈی اور 4 گجرات، 3 جہلم، گوجرانوالہ 4،سرگودھا میں 1 مریضں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دریں اثناء اسلام آباد میں آج مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعدمریضوں کی تعداد 110 ہوگئے ہے ۔

اسی عرصے میں محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے اپنے بیان میں کہا کہ آج گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے نئے 9 کیسزز سامنے آئے جس کے بعد صوببے بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 80 ہوگئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کرونا کے 7 نئے کیسز سامنے آگئے ہیںجس کے بعد صوبے بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔