سعودی دارالحکومت، مکہ اور مدینہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان

032620201

سعودی عرب نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دارالحکومت ریاض سمیت مکہ اور مدینہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
سعودی شاہی فرمان میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر مزید سخت کرتے ہوئے تمام ریجنز کے رہائشیوں کے ایک ریجن سے دوسرے ریجن آنے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق ریاض ، مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ مذکورہ شہروں میں کرفیو کا وقت دوپہر 3 بجے سے شروع ہوگا۔

شاہی فرمان میں ریجنز میں آنے جانے کی پابندی کے علاوہ خاص طور پر ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے خصوصی اقدامات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ آنے جانے پر مکمل پابندی ہوگی۔
فرمان میں مزید کہا گیا کہ تینوں شہروں کے رہائشی شہر سے باہر نہیں جاسکتے نہ کوئی باہر سے شہر میں داخل ہوسکتا ہے۔

کورونا وائرس عالمی وباء بن چکا ہے اور دنیا بھر میں اس سے 4 لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ممالک میں مکمل جبکہ بعض ممالک میں جزوی لاک ڈاؤن ہے۔