اسکواش کے لیجنڈ، اعظم خان انتقال کر گئے
کرونا وائرس کے باعث اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، گزشتہ ہفتے اعظم خان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
اعظم خان اسکواش پلیئر ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے، وہ 1959 سے 1962 تک مسلسل 4 بار برٹش اوپن اسکواش چیمپئن رہے۔ اعظم خان کے بیٹے واصل خان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے حکام نے ہفتہ کی سہ پہر والد کے انتقال کے بارے میں اہلخانہ کو آگاہ کیا۔
واصل خان کا کہنا ہے کہ ہم سب لندن میں آئسولیشن میں ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ والد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔واضح رہے کہ برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں 260 افراد ہلاک ہوگئے، برطانیہ میں کرونا سے آج سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1019 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 17089 تک جاپہنچی ہے۔