کورونا کیخلاف جنگ، سندھ حکومت نے تقریباً 3 ارب روپے فنڈ جمع کرلیا

0402202028

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی پوری طرح تیار اورمستعد ہیں۔
سندھ حکومت نے اس عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے عوام کی مدد سے تقریباً3 ارب روپے کی رقم جمع کرلی ہے جو کورونا وائرس کے تدارک کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے یہ اچھی خبر سنائی۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گذشتہ روز تک کورونا فنڈ میں سندھ حکومت کی جانب سے 2ارب 84کروڑ 93 لاکھ 15 ہزار 486 روپے جبکہ عوام کی جانب سے 4 کروڑ13 لاکھ 25 ہزار 671 روپے دیے گئے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا فنڈ میں جمع ہونے والی اورخرچ ہونے والی رقم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 709 ہوگئی ہے ۔ صوبے میں 8 مریض جاں بحق جبکہ 55 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2245 ہوگئی ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔