پاکستان میں کورونا وائرس ؟
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ 2000 سے زیادہ متاثرین کے ساتھ پنجاب سب سے متاثرہ صوبہ ہے۔
پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 55 ہے جبکہ 445 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ہلاک شدگان میں سے 15 کا تعلق پنجاب، 18 کا سندھ، 17 کا خیبر پختونخوا، تین کا گلگت بلتستان جبکہ ایک، ایک کا بلوچستان اور اسلام آباد سے ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 ہزار تک بڑھ سکتی ہے۔
ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی مکمل یا جزوی لاک ڈاؤن ہے جسے اب 14 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ ملک بھر میں فوج بھی تعینات ہےپاکستان کی حکومت نے تین اپریل سے ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی جزوی بحالی کا اعلان کیا ہے تاہم اندرونِ ملک پروازیں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔
خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے جاری کردی ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران بیوٹی پارلر اور حجام کی دکانیں 14 اپریل تک بند رہیں گی۔ تاہم یہ کہا گیا ہے کہ گھر کے ضروری سامان کی دکانیں، تندور، ملک شاپس، پھل و سبزی کی دکانیں اور دوا خانے 24 گھنٹے کھلے رکھے جائیں گے۔
رقم کی منتقلی کے مراکز بھی حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کھولے جا سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس کے 500 متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔ صوبے بھر میں اس بیماری سے 17 اموات اور 69 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔