کرونا وائرس سے متاثرہ برطانوی وزیراعظم کی طبیعت سنبھل گئی، آئی سی یو سے باہر آگئے

041020204

لندن کرونا وائرس سے متاثرہ برطانوی وزیراعظم کی طبیعت سنبھل گئی، آئی سی یو سے باہر آگئے، بورس جانس کو جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، برطانیہ میں لاک ڈاؤن بڑھانے سے متعلق فیصلہ اگلے ہفتے تک کیا جائے گا۔ برطانوی میڈیا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق چار روز سے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج کرونا وائرس سے متاثرہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حالت میں بہتری آنے لگی ہے۔

بورس جانس کی حالت میں واضح بہتری آئی ہے جس کے بعد اب انہیں آئی سی یو سے جنرل وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ جنرل وارڈ میں موجود برطانوی وزیراعظم اب خود اٹھ بیٹھ رہے ہیں اور باتیں بھی کر رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جانسن کی طبیعت اب کافی بہتر ہے، برطانیہ میں لاک ڈاؤن بڑھانے سے متعلق فیصلہ اگلے ہفتے تک کیا جائے گا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا لیکن ابھی اس کا وقت نہیں آیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں 7 ہزار 97 افراد کرونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ یورپی ملک میں اب تک 65 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ گزشتہ روز ایک ہی روز میں سب سے زیادہ 900 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ اس تمام صورتحال میں برطانیہ اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔

برطانوی حکام عندیہ دے چکے ہیں کہ اگر موجودہ صورتحال میں بہتری نہ آئی، تو مجبوری میں ملک میں لاک ڈاون پابندیوں میں مزید سختی کرنا پڑے گی۔ جبکہ دوسری جانب دنیا بھر میں اب تک 15 لاکھ سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ امریکا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک ساڑھے 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اب تک 16 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے۔ امریکا میں گزشتہ 8 روز سے روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔