ایل او سی: بھارت کی وقفے وقفے سے بلا اشتعال فائرنگ، 2 لڑکیوں سمیت 6 افراد زخمی 

0411202025

اسلام آباد:بھارت کی پھر جارحیت، کنٹرول لائن کے نکیال، شاردہ اور ددنیال سیکٹرز پر وقفے وقفے سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں 2 لڑکیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے نیکیال سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 شہری زخمی ہوئے ان ایک 18 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔

اس سے پہلے بھارتی فوج نے شاردہ، ددنیال سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں 4 شہری زخمی ہوئے، زخمیوں میں 15 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔ بھارتی فوج نے توپ خانے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے انڈین چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے بھارتی فوج نے 2016 میں 382 بار سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی۔ 2017 میں 1881 جبکہ 2018 میں 3038 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے 2019 میں 3351 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔