کورونا وائرس: روس کے دارالحکومت ماسکو کی صورتحال؟ 

0412202012

ماسکو میں حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 30 افراد کو گھر پر قرنطینے کے سخت ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے جبکہ 1358 دیگر شہریوں پر بغیر کسی ‘مناسب’ وجہ کے سڑک پر نکلنے کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اگر کوئی ایسا شخص جسے گھر پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے وہ اپنی عمارت سے باہر نکلے، تو چہرہ پہچان سکنے والے کیمرے پولیس کو فوراً الرٹ کر دیتے ہیں۔ اس میں کووِڈ-19 کے مصدقہ متاثرین بھی شامل ہیں اور بیرونِ ملک سے واپس آنے والے افراد بھی۔

ہفتے کے اختتام پر پولیس کے گشت میں بھی کافی اضافہ ہوا۔ میں نے کئی پیدل اور سائیکل سوار افراد کو روکے جاتے اور پوچھ تاچھ کا سامنا کرتے دیکھا۔ پولیس کی گاڑیاں تقریباً خالی سڑکوں پر گشت کر رہی ہیں اور لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے لوگوں کو گھروں پر رہنے کی تاکید کر رہی ہیں۔

یہاں پر رہائشیوں کو قریب ترین دکانوں اور میڈیکل سٹورز تک جانے یا اپنے کتوں کو گھمانے کی اجازت ہے مگر باغ اور میدان بند ہیں اور گھر سے باہر ورزش کرنے پر پابندی ہے۔
پیر سے برقی اجازت ناموں کا ایک نظام نافذ کیا جا رہا ہے جس کے تحت گاڑی یا عوامی ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والوں کو ہر بار ایک اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ماسکو کے ہسپتال پہلے ہی کورونا وائرس کی وبا کے باعث ‘اپنی حدوں کو پہنچ گئے ہیں۔’

روس کے دار الحکومت کے باہر جہاں کم ہی متاثرین سامنے آئے ہیں، وہاں قدامت پسند گرجا گھروں میں آج بڑے اجتماعات ہوئے۔ روس اب تمام گرجا گھروں کو قدامت پسندوں کے ایسٹر (19 اپریل) تک کے لیے بند کر دے گا۔