برسلز: جی۔20 مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکوائے، علی رضا سید

q

برسلز: چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے جی۔20۔ممالک اور دیگر عالمی طاقتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکوائیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یاد رہے کہ جی۔20کا سربراہی اجلاس بھارتی حکومت کی دعوت پر ۹ اور ۱۰ ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے جی۔20کے نئی دہلی میں اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ جی۔20 کے رکن ممالک سمیت عالمی برادری یہ جانتی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور کشمیری طویل عرصے سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

علی رضا سید نے کہاکہ بھارت اپنے ملک میں عالمی سطح کے اجلاس بلا یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ اس ملک کے حالات معمول کے مطابق ہیں جبکہ اصل حقیقت اس کے برعکس ہے۔
یہ بات عیاں ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاوہ، بھارت میں بسنے والی اقلیتیں بھی اپنے بنیادی جمہوری اور انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ مسلمان، عیسائی اور حتیٰ نچلی ذاتوں سے تعلق رکھنے والے ہندوو بھی بھارتی انتہاپسندوں کی بربریت اور حکومت کے ناروا سلوک کا شکار ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حالات اس حد تک خراب ہیں کہ بھارت انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کے کسی نمائندے اور غیرملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھارت نے ۲۲ مئی کو سری نگر میں جی۔20کے سیاحت سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس بلا کر دنیا کو تنازعہ کشمیر کے بارے میں دھوکہ دینے کی کوشش کی۔ ان بہانوں سے بھارت جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اوراس تناظر میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہاکہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلے کا پرامن اور قابل قبول حل تلاش کیا جائے۔

بھارتی وزیراعظم کے یونان سمیت مختلف ملکوں کے پے درپے دوروں کے بارے میں علی رضا سید نے کہاکہ بھارت دنیا کے ساتھ تعلقات بنا کر اپنے کرتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ خاص طور پر پوری دنیا کو پتہ ہے کہ مودی اور ان کی حکومت کس طرح انسانی حقوق کی پامالیاں کررہی ہے۔ عالمی برادری اس بات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا کہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام لمبے عرصے سے قتل و غارت اور تشدد کا شکار ہیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ عالمی برادری اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔