امریکی مشن کی اعانت سے منعقدہ مسابقتی مقابلوں میں پاکستانی خواتین کی تجارتی شعبہ میں کاوشوں کا اعتراف
اسلام آباد:پاکستان میں خواتین کی سربراہی میں نئے آغاز کردہ تجارتی منصوبوں کے درمیان معاونت کے حصول کے مقابلوں کے فائنل کا یو ایس پاکستان ویمنز کونسل اورپاک لانچ کی شراکت سے نسٹ ٹیکنالوجی پارک میں کاانعقاد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خُصوصی پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کے نائب مشن سربراہ اینڈریو شُوفر تھے ۔
فائنل میں عروبہ طیب کے منصوبے دی اِی پی او ڈاٹ کام نے اوّل پوزیشن حاصل کی ۔ اُن کا تجارتی تصور بی ٹو بی پروکیورمنٹ کی سرگرمیوں میں بین الاقو امی معیار کے مطابق انقلابی تبدیلیوں اور ایس ا و پیز پر عمل در آمد سے متعلق ہے ۔ دریں اثنا دوسرے نمبر پر ایمن خان کا منصوبہ رہا، جس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو استعمال کرتے ہوئے انسانی زندگی کی تبدیل ہوتی ہوئی ضروریات کا حل پیش کیا گیا ہے۔ تیسرے نمبر پر رومانہ رفیع کا ٹیکنو نالیج سے متعلق منصوبہ رہا۔ ان کے منصوبے میں بچوں کو محظ کمپیوٹر صارفین بنانے کے بجائے تخلیقی انداز میں کوڈنگ سکھانے پر کام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فائنل میں کامیاب ہونے والے مذکورہ انٹرپریونئرز گروپ میں سے ہر ایک کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ سرمایہ کاروں اور صارفین کے سامنے اپنا منصوبہ پیش کریں جبکہ وہ پاک لانچ اور ایمیزون ویب سروسز کے توسط سے خُصوصی انفرادی رہنمائی بھی حاصل کرسکیں گے۔
آج کافائنل کئی ماہ تک جاری رہنے والی مسابقتی سرگرمیوں کی اختتامی تقریب تھی۔ اِن مقابلوں میں دستیاب پچاس اسامیوں کے لیے ایک ہزار سے زیادہ درخواستیں جمع کی گئیں لیکن پچاس میں سے صرف پندرہ شرکاء اسلام آباد کے سفر کی سہولت اور پاک لانچ کے بانی سربراہ علی فہد اور فائیو ہنڈریڈ گلوبل کی چیف آپریٹنگ افسر کورٹنی پاول سمیت پینل کے سامنے اپنے تجارتی تصورات پیش کرنے کا موقع میسر ہوا۔
نسٹ ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ تقریب میں اظہارِ خیال کے دوران امریکی نائب مشن سربراہ اینڈریو شُوفر نے خواتین تاجروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں شریک ہونے والی خواتین کاروباری شخصیات اس مقابلہ میں جدت، حوصلہ اور تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لائی ہیں اور ہمیں ادراک ہے کہ اتنے سخت مقابلوں کے بعد آخری مرحلہ تک رسائی حاصل کرنے میں جانفشانی اور عزم درکار ہوتا ہے۔ شُوفر نے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ فائنل میں شامل خواتین کو بھی اپنی کارکردگی پر اُتنا ہی فخر ہوگا جتنا ہمیں اُن پر ہے۔
سفارتخانہ اسلام آباد ۲۰۱۲ء سے لے کراب تک ۱۸۱سے زیادہ انٹرپرینوئرشپ پر مبنی منصوبوں کو ایککروڑ سنتالیس لاکھ ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری فراہم کر چُکا ہے ۔