لندن: پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی کشمیرکاز کے لیے خدمات کو سراہا ہے
لندن:برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یورپ میں کشمیرکاز کے لیے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی خدمات کو سراہا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے گذشتہ روز پاکستانی ہائی کمشنر سے لندن میں ملاقات کی جس کے دوران مسئلہ کشمیر اور خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے کے حوالے سے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے مسئلہ کشمیر خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو یورپ میں اجاگر کرنے کے لیے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے علی رضا سید کو ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں آئندہ ماہ فروری کے انتخابات کے بعد بننے والی نو منتخب حکومت کے آنے سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات دن بدن بڑھ رہی ہیں اور بھارت کشمیر پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے مظلوم کشمیریوں پر سنگین مظالم جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی حالیہ رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام کی طرف ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ جب تک بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں روک نہیں لیتا اور مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوجاتا، ہم یورپ میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
Kashmir Council EU Secretariat,
Brussels, Belgium