برسلز: امام حسینؑ نے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید

y

برسلز:کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ نواسہ رسولؐ امام حسین علیہ السلام نے عظیم قربانی دے کرانسانی اقدارکی حفاظت کی ہے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے۔ یوم عاشورا پر اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ واقعہ کربلا ہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے۔ کربلاظلم کے خلاف جدوجہدکانام ہے اوردرس حریت ہے۔ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے اس وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کربلا میں امام حسینؑ کی قربانی ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدارجدوجہد کاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام انسانیت کے لیے ایک سبق ہے۔ میدان کربلا میں قیام امام حسین علیہ السلام نے ثابت کیا ہے کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ آج کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارتی فوجی کی جنگی سازوسامان کی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی انہیں شکست دے سکتی ہے۔ سچ کی طاقت بہت مضبوط ہے اور بلآخر سچائی ہی دشمن پر غالب آجاتی ہے۔ کربلا کے میدان میں امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحاب تعداد میں دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھے اور ان کے پاس جنگی سازوسامان بھی معمولی تھا لیکن وہ بہادری اور قوت ایمانی کے ساتھ یزید لعین کے اس بڑی فوج کے مقابلے میں ڈٹ گئے جو اپنے زمانے کے جدید اسلحہ اور حربی سازوسامان سے لیس تھی۔ یزید کا ہزاروں کا لشکرتھا جبکہ امام عالی مقام (ع) کے صرف 72جانثارتھے۔ ان مٹھی بھر حق پرستوں کی شہادتوں نے یزید کی اتنی بڑی سلطنت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ آخر کار حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی۔ حق و باطل کے مابین جنگ ہمیں قربانی اور خودی کا درس دیتی ہے ۔
ہم کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبردآزماہوسکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیداکرناہوگا اور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا۔ بھارت کب تک ظلم و ستم ڈھاتا رہے گا۔ وہ دن دورنہیں جب کشمیریوں کو فتح اورآزادی نصیب ہوگی۔