نذیر حسین ڈھوکی پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافی کمیونٹی کا ایک قیمتی اثاثہ تھے سینیٹر فرحت اللہ بابر

h

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماﺅں، پارٹی کارکنوں اور سینئر صحافیوں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر حسین ڈھوکی کی پارٹی کے حوالے سے سیاسی خدمات کو خراج عقید پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نذیر ڈھوکی پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک قیمتی اثاثہ تھے اور پارٹی کے حوالے سے ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ تادم مرگ پارٹی کے ساتھ مخلص اور وفادار رہے۔

نذیر حسین ڈھوکی کے حوالے سے منعقدہ SZABIST میں شہید بھٹو فاﺅنڈیش کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نذیر حسین ڈھوکی جتنے پاکستان پیپلزپارٹی کے اتنا ہی صحافی کمیونٹی کے قریب تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے پیپلزلیبر بیورو کے سربراہ چوہدری منظور احمد نے کہا کہ نذیر ڈھوکی پیپلزپارٹی کے سیاستدانوں اور صحافیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی سنٹر سیکریٹریٹ کے انچارج سید سبطل حسن بخاری نے کہا کہ نذیر ڈھوکی بے انتہا خوبیوں کے مالک تھے اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

سینٹ آف پاکستان کے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والانے کہا کہ نذیر ڈھوکی ان کے پاس ہمیشہ دوسروں کے کام لے کر آئے جن میں صحافیوں کے مسائل سرفہرست ہوتے تھے۔ سینئر صحافی اعجاز اسحاق نے نذیر ڈھوکی کو صحافیوں کا قریبی دوست قرار دیا۔ سینئر صحافی راشد حبیب نے نذیر ڈھوکی کے حوالے سے پرانی یادیں تازہ کیں اور ایک اور سینئر صحافی اعجاز احمد نے نذیر ڈھوکی کے آفس کو صحافیوں کے لئے صحافت کی دشوار گزار راہوں سے گزرنے کے بعد ایک شجر سایہ دار قرار دیا۔

سینئر صحافی عطرت جعفری نے کہا کہ نذیر ڈھوکی کے لکھے ہوئے کالم پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ بن گئے ہیں۔ سینئر صحافی فوزیہ شاہد نے نذیر ڈھوکی کو اپنے گھر کا فرد قرار دیا۔ پیپلزپارٹی اسلام آباد کے سابق صدر بابر منہاس نے نذیر ڈھوکی کو بہترین سیاسی کارکن قرار دیا جو ہر وقت کارکنوں کی خدمت کرنے کے لئے آمادہ رہتے تھے۔ ان کے پرانے دوست زاہد حسین بھٹونے کہا کہ نذیر ڈھوکی نے ایک دور افتادہ گاﺅں سے آکر اسلام آباد میں جس طرح پارٹی کی خدمت کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔

شہید بھٹو فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آصف خان نے کہا کہ جس بڑی تعداد میں آج سیاسی کارکن اور صحافی نذیر ڈھوکی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نذیر ڈھوکی اپنے جاننے والوں میں نہایت مقبول تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے انسانی حقوق سیل کے سربراہ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تمام پارٹی کارکنوں اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں نذیر حسین ڈھوکی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اس تقریب میں شرکت کی۔