برسلز میں آج پندرہ اگست کو بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج
برسلز(۔۔۔۔) آج 15 اگست بروز جمعرات بھارت کے یوم آزادی یعنی کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلزمیں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ (ای یو) نے کیا جس میں بڑی تعداد میں بلجیم سمیت یورپ میں مقیم کشمیریوں اور انکے ہمدردوں اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ کشمیرکے دونوں حصوں میں موجود کشمیری باشندے اور دنیاکے دوسرے خطوں میں رہنے والے ان کے ہم وطن ہرسال 15 اگست بھارت کے یوم آزادی کو احتجاجاً یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔
برسلز میں آج کے مظاہرے کے دوران شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جموں و کشمیرکے بڑے حصے پر ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔
مظاہرے میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی، ان میں چوہدری خالد محمود جوشی، ملک محمد اجمل، شیراز بٹ، سردار صدیق، حاجی پرویز، مرزا شبیر، راجہ خالد، زاہد بھدر، سلیم میمن، شازیہ اسلم، سید زاہد شاہ، ظہیرزاہد، راجہ مجاہد اور مہرندیم قابل ذکر ہیں۔
اس موقع پر کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین علی رضاسید نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے۔ گذشتہ چند سالوں سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوا اور اسی وجہ سے مظلوم کشمیری گونا گون مشکلات کا شکار ہیں، اہم سیاسی رہنماء اور انسانی حقوق کے کارکن نظربند اور گرفتار ہیں۔ بھارت کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی کررہا ہے اور بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے درپے ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اور جموں و کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ مناتے رہیں گے، جب تک جموں و کشمیرکو بھارت سے آزادی مل نہیں جاتی۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
دیگر مقررین نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی۔
Email: secretariat@kashmircouncil.eu
Kashmir Council EU, Brussels, Belgium.