نیشنل بک فاؤنڈیشن نے “ڈیٹا انیلسز” پر منفرد کتاب شائع کردی

اسلام آباد: نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے پاکستان میں ڈیٹا انیلسز کے موضوع پر ایک منفرد کتاب “Making Sense of Statistical Analysis: A Researcher’s Handbook for Data Analysis using IBM SPSS” شائع کردی ہے۔ یہ کتاب ممتاز ماہرین تعلیم، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈاکٹر محمد یوسف کی مشترکہ کاوش ہے، جس میں SPSS کے نظریاتی اور عملی پہلوؤں کو جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

دس سیکشنز اور اٹھائیس ابواب پر مشتمل یہ کتاب تحقیق کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ مصنفین نے مقامی مثالوں کو شامل کرتے ہوئے ڈیٹا کے تجزیے کو آسان اور قابلِ فہم بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ یہ کتاب، پاکستان میں مقامی مصنفین کی جانب سے لکھی گئی اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے، ریسرچ ڈیزائن کے انتخاب سے لے کر مناسب سکیل کے انتخاب، کوڈ بُک کی تیاری، ڈیٹا انٹری، ڈیٹا کی تدوین، ڈیٹا اسکیننگ، اسکیل کی ریلائبلٹی اور ویلیڈیٹی کی جانچ تک کے مراحل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

یہ کتاب نہ صرف ابتدائی اور پیشہ ورانہ ڈیٹا انیلسز کے کورسز کے طلباء کے لیے مفید ثابت ہوگی بلکہ ان ریسرچرز کے لیے بھی انتہائی اہم ہے جو اپنے تحقیقی منصوبوں میں SPSS کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ مصنفین نے اس کتاب کی ویب سائٹ پر تمام متعلقہ SPSS ڈیٹا فائلیں اور سوالنامے بھی فراہم کیے ہیں تاکہ محققین آزادانہ طور پر تجزیہ کر سکیں اور اپنے ڈیٹا انیلسز کی مہارتوں میں بہتری لا سکیں۔ یہ کتاب SPSS کے استعمال میں آسانی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نتائج کی رپورٹنگ کے حوالے سے بھی ایک مفید رہنما ثابت ہوگی۔

اس کتاب کی اشاعت نیشنل بک فاؤنڈیشن کی ایک اور کامیاب پیشرفت ہے جو کہ پاکستان میں تحقیقی معیار کو بلند کرنے اور مقامی مصنفین کی حوصلہ افزائی کے لیے کوشاں ہے۔