عطا تارڑ نے پی ٹی وی پر صفائی مہم کا آغاز کردیا، 25 شوز بند
اسلام آباد: وزیر اطلاعات، نشریات، ثقافت اور قومی ورثہ عطا اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے “25 کم ریٹنگ والے شوز” کو بند کر دیا اور ایک نئی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد کھلے پن، پیشہ ورانہ مہارت اور تعمیری تنقید کو فروغ دینا ہے۔
اتوار کو ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، وزیر نے پی ٹی وی پر “سفارش کلچر، نااہلی اور جعلی خبروں” کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عہد کیا تھا۔
تارڑ نے کہا کہ یہ “آپریشن کلین اپ” کی شروعات ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر کو “ذاتی مفادات اور مافیاز” سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ پی ٹی وی کو تبدیل کرنے کے اپنے مشن میں پرعزم ہیں۔
وزیر نے پیشہ ورانہ اینکرز اور پروڈیوسرز کی بھرتی کا اعلان کیا ہے، جبکہ متنبہ کیا ہے کہ جعلی اور نااہل عملے کو نکال دیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر نے پی ٹی وی کے پروگراموں کو بہتر بنانے کے لیے متعدد ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، تاکہ انہیں نجی چینلز کے برابر لایا جا سکے۔
تارڑ نے پی ٹی وی پر ٹاک شوز کی ریٹنگ کے حوالے سے تشویشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی کو تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ کھلے پن اور حکومت پر تنقید کی اجازت دی جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق، وزیر نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کا بھی اشارہ دیا ہے جو ان تبدیلیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہے ہیں۔
رپورٹ میں نوٹ کیا گیا کہ مارکیٹنگ اور فروخت پر توجہ کے ساتھ، تارڑ نے پی ٹی وی کے شوز کو منافع بخش اور متحرک بنانے کا ہدف بنایا، جس کا آغاز آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی کامیاب کوریج سے کیا گیا۔