نیوٹیک اپنے فارغ التحصیل طلباء کی کامیابیوں پر بجا طور پر فخر کرتی ہے، خالد مقبول صدیقی

kk (2)

– نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) نے اپنے تیسرے کانووکیشن تقریب کا انعقاد یونیورسٹی کیمپس اسلام آباد میں کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے، جبکہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، (ہلال امتیاز) اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی، جن میں فارغ التحصیل طلباء کے والدین بھی شامل تھے۔

کانووکیشن کی تقریب نیوٹیک کے فارغ التحصیل طلباء کے تعلیمی سفر کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی، جہاں انہوں نے اپنی محنت کا پھل یعنی ڈگریاں حاصل کیں اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے اگلے مرحلے کا آغاز کیا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ جات جیسے انجینئرنگ، آئی ٹی ، اے آئی، کمپیوٹر سائنس، الیکٹریکل، میکینکل اور سول انجینئرنگ کے طلبا و طالبات نے اپنی ڈگریاں حاصل کیں۔
ان ڈگری پروگرامز میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء کو سونے اور چاندی کے تمغوں سے نوازا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ان کی محنت، لگن اور تعلیمی سفر میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو تسلیم کرنا تھا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کیا اور نیوٹیک کی خدمات کو سراہا، پاکستان کی تعلیمی میدان میں ان کے وسیع تجربے اور مضبوط قیادت کے سبب ان کے خیالات نے فارغ التحصیل طلباء کو کامیاب مستقبل کے لیے حوصلہ افزائی دی۔

نیوٹیک اپنے فارغ التحصیل طلباء کی کامیابیوں پر فخر کرتی ہے اور اس کا عزم ہے کہ وہ ایسے پیشہ ور افراد تیار کرے گا جو علم، مہارتوں اور اخلاقی اقدار سے آراستہ ہوں تاکہ وہ معاشرتی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔