برسلز: کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی ہےبرسلز (پریس ریلیز)

کشمیر کونسل پاکستان کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹوں کی طرف سے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں مداخلت، مذہبی آزادیوں کی پامالی اور دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
بی بی سی اور دیگر عالمی خبررساں اداروں کے مطابق، مذہبی آزادی کے امریکی کمیشن نے 2025 کی اپنی سالانہ رپورٹ میں امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور اس سے وابستہ ان افراد پر مخصوص نوعیت کی پابندیاں عائد کرے جو امریکی سرزمین پر امریکی شہریوں کے ناکام قتل میں ملوث ہیں۔
اس کمیشن نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ ’امریکی انتظامیہ مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ’’را‘‘ اور بھارتی حکومت سے وابستہ دیگر افراد کے اثاثے ضبط کرے اور ان پر سفری پابندیاں بھی عائد کرے۔
علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی سرزمین پر دہشت گردانہ کارروائیاں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ حال ہی میں کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور اسی طرح امریکہ میں بھی ایک اور سکھ رہنماء کے قتل کی سازش کی گئی۔ اس کے علاوہ، بھارت پچھلے سالوں کے دوران جعلی ویب سائیٹس کے ذریعے یورپ میں غلط پروپگنڈہ اور قانون کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ بھارتی حکومت اپنے ملک کے اندر بھی مذہبی اقلیتوں پر ظلم کررہی ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں خوف پھیلانے کے لیے تحریک آزادی کے خلاف لوگوں کے زبردستی ویڈیو بیان لئے جارہے ہیں جو شہری آزادی کے قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی سخت مذمت کی اور کہاکہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مظہر ہے۔ مودی حکومت کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں مزید اضافہ ہوا ہے، اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اور ڈومیسائل قوانین میں ردوبدل کرکے ریاست جموں و کشمیر کے کشمیری مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
کشمیر کونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ان غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا سخت نوٹس لے۔ ہم امریکہ سمیت تمام عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت پر سخت پابندیاں عائد کریں اور اسے کشمیری عوام پر ظلم و ستم سے روکیں۔ مزید برآں، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
Kashmir Council EU Secretariat,
Brussels, Belgium