امریکہ کا نوجوان گریجویٹس کو توانائی کے شعبے میں کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جاب فیئر کا انعقاد

ss (2)

اسلام آباد، یکم اگست 2024- اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں آج توانائی کے شعبے میں کامیاب نوجوان گریجویٹس کے لیے تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) کے تعاون سے جاری “ایمپاور آل انرجی پروگرام” کے دوسرے گروپ کے 24کامیاب گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

اس اقدام کے تحت، توانائی کے شعبے میں نوجوانوں خصوصاً خواتین کو آگاہی ملی، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز میں رابطے بڑھے اور انہیں اپنی فیلڈ میں آگے بڑھنے کے لیے راہنمائی ملی ۔ قائم مقام مشن ڈائریکٹر جیمز فلیمنگ نے ،اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر مسعود کے ہمراہ تقریب میں انجینئرنگ گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں۔

یو ایس اے آئی ڈی نے 2023 میں”پاور سیکٹر امپروومنٹ ایکٹیوٹی” کے تحت “ایمپاور آل انرجی پروگرام” کا آغاز کیا ۔اس کے اہم مقاصد میں پاکستان میں توانائی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو ان کی اہلیت کی بنیاد پر مواقع کی فراہمی ہے ۔ پروگرام کے تنائج حوصلہ افزا ہیں، 2023 کے پہلے گروپ میں شامل بیس افراد میں سے 60 فیصد سے زائد نے عوامی اور نجی توانائی کے شعبے میں ملازمتیں اور انٹرن شپ حاصل کیں ۔

قائم مقام مشن ڈائریکٹر جیمز فلیمنگ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا ۔ یہ با صلاحیت نوجوان ،خاص طور پر نوجوان خواتین،نئے نظریات، نقطہ نظر ، اور صلاحیتوں کے ساتھ توانائی سے جڑے عالمی ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

تقریب کے علاوہ، یو ایس آئی ڈی کے زیر اہتمام سائنس گریجویٹس کو کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے ایک کیریئر ایکسپو کا بھی انعقاد کیا گیا۔